رنیوایبل انرجی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ،سیکریٹری توانائی سندھ

رنیوایبل انرجی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ،سیکریٹری توانائی سندھ

سورج سے بجلی پیدا کرنے پرپابندی نہیں،فروخت بھی کی جا سکتی ہے ، ابوبکر مدنی

کراچی(بزنس رپورٹر) سندھ انرجی ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری ابوبکر مدنی نے کہا ہے کہ دنیا میں ماحولیات کی بدلتی صورتحال کے سبب اب تمام ممالک نے تیل، کوئلے اور ایٹمی بجلی کے بجائے متبادل توانائی کے ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ مرکوز کرلی ہے کیونکہ یہ ماحول دوست بجلی ہے ۔گزشتہ روز انوریکس سولر انرجی کے تحت منعقدہ متبادل توانائی اور سولر انرجی سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بھی اس سلسلے میں اپنی پالیسی بناکر عمل کررہی ہے ،ان پروگرامز سے رنیوایبل انرجی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ سیکریٹری توانائی نے صوبے کے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت سورج سے حاصل کردہ بجلی پیدا کرنے پر کوئی پابندی نہیں، آف گرڈ بجلی حاصل کرنے کیلئے سرمایہ کاری کرکے عام لوگ بھی پیسہ کما سکتے ہیں اور گھروں یا اپنی املاک پر سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی پیدا کرکے اپنی ضرورت کی بجلی کے استعمال کے بعد باقی بجلی کی فروخت کی جا سکتی ہے جس پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے بتایا ہم ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سولر سے بجلی حاصل کرنے میں پیش رفت کررہے ہیں،اس وقت جھمپیر کا ونڈ کوریڈور مکمل طور پر بھر چکا ہے ، حکومت سندھ اب دوسرے اور تیسرے کوریڈور بنانے کی طرف جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں