افغانستان ریلیف فنڈ اکاؤنٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک کی وضاحت

افغانستان ریلیف فنڈ اکاؤنٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک کی وضاحت

اسلام آباد (اے پی پی)اسٹیٹ بینک نے افغانستان ریلیف فنڈ اکاؤنٹ کھولنے سے انکار کی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے برخلاف قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ افغانستان پر عالمی پابندیوں کے تناظر میں وزارت خارجہ کے ساتھ مل کراس کے مضمرات کا جائزہ لے ۔

اتوار کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ 15جنوری کوچھپنے والی خبر بے بنیاد اور خلاف حقائق ہے ۔وزارت خزانہ سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ دیکھیں کہ یہ مجوزہ فنڈ کسی عالمی ساکھ کے حامل ادارے یا بینکوں کے ذریعے افغانستان کو فراہم کیے جائیں گے ۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ وزارت خزانہ سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک پاکستانی بینکوں کی برانچوں میں اس فنڈ کے اکاؤنٹ کھولنے کے حوالے سے ازسرنو غور کریں کیونکہ اوورسیز برانچوں میں اس فنڈ کے تحت اکاؤنٹ کھولنے سے قبل میزبان ملک کے ریگولیٹری اداروں کی ضروری اجازت درکار ہوگی جو کہ وقت کا ضیاع ہے ۔اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی کہ وزارت خارجہ امور کے ساتھ مشاورت کے بعد وزارت خزانہ اس نوٹیفکیشن میں ضروری تبدیلیوں پر غور کررہی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں