اسٹیٹ لائف کا ہیلتھ انشورنس پراڈکٹس متعارف کرانیکا اعلان

اسٹیٹ لائف کا ہیلتھ انشورنس پراڈکٹس متعارف کرانیکا اعلان

کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)اسٹیٹ لائف کارپوریشن نے صارفین کی ضروریات کے مطابق انشورنس پراڈکٹس متعارف کرانے کے عزم کے ساتھ ادارے کے قیام کے 50سال مکمل ہونے پر ہیلتھ انشورنس پراڈکٹ لائن لانے کا اعلان کیا ہے ۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین شعیب حسن جاوید نے گزشتہ روز ایک میڈیا ٹاک میں بتایا کہ ہم نے انشورنس انڈسٹری میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب صارفین کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف انشورنس پراڈکٹس مارکیٹ میں لائی جائینگی۔انہوں نے بتایا کہ ادارے کے قیام کے 50سال مکمل ہونے پر آئندہ ماہ ایک مکمل ہیلتھ انشورنس پراڈکٹ لائن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں انتہائی کم پریمیم پر صارفین کو علاج و معالجہ کی مکمل سہولتیں فراہم کی جائینگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سال2021میں پریمیم گروتھ میں60فیصد اضافہ متوقع ہے ،سال2020میں اسٹیٹ لائف نے 60ارب روپے مالیت کے کلیمز ادا کیے جبکہ سال2021کے دوران کلیمز کی مد میں ادائیگیاں 103ارب روپے سے زائد ہونے کی توقع ہے۔

جبکہ ادارے کی سالانہ آمدن34فیصد اضافے سے 160ارب روپے کے لگ بھگ ہونے کا تخمینہ ہے ۔اسٹیٹ لائف نے سال2020کے دورا ن بونس کی مد میں76ارب روپے کی ادائیگیاں کیں جبکہ سال2021کے دوران بونس کی ادائیگیوں میں 10فیصد سے زائد اضافہ متوقع ہے ،ہر سال بونس کی ادائیگیوں کی مد میں 10تا12فیصد اضافہ ہورہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں انشورنس انڈسٹری کا فروغ تسلی بخش نہیں ہے اور ہم ابھی بھارت،بنگلہ دیش اور دیگر پڑوسی ممالک سے اس معاملے میں کہیں پیچھے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں