بحران ٹل گیا،بندرگاہ سے دالوں کے 2ہزارکنٹینرریلیز

 بحران ٹل گیا،بندرگاہ سے دالوں کے 2ہزارکنٹینرریلیز

کراچی(آئی این پی)کراچی بندرگاہ سے دالوں کے کنسائمنٹس ریلیز ہونا شروع ہوگئے جس سے رمضان میں دالوں کا ممکنہ بحران کا خطرہ ٹل گیا تاہم دالوں کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دالوں کے روکے گئے 7ہزارکنٹینرز میں سے 2ہزارکنٹینرز ریلیز کر دیے گئے جب کہ 5000کنٹینرز ابھی باقی ہیں، اس کے برعکس چند روز قبل بندرگاہ پر لنگر انداز تین بحری جہازوں کے ذریعے 50ہزار ٹن بلک کی صورت میں پہنچنے والی دالوں میں سے 20فیصد فوری ریلیز کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ بلک کے مقابلے میں کنٹینرز میں درآمد ہونے والے دالوں کے پہلے سے رکے کنسائمنٹس تیز رفتاری سے کیوں ریلیز نہیں کیے جا رہے حالانکہ بلک کی نسبت کنٹینرز میں موجود دالوں پر غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کو فی کنٹینر یومیہ 100ڈالر ڈیٹنشن چارجز کی ادائیگیوں کا بوجھ ملک اور امپورٹرز پر بڑھتا جا رہا ہے لہٰذا وفاقی حکومت اور بندرگاہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ رکے ہوئے دالوں کے کنٹینرز کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئرنس کرنے کے احکامات جاری کریں۔ عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ پاکستان پہنچنے والی دالوں کے تمام کنٹینرز و بلک کارگو ریلیز ہونے سے ملک بھر میں گزشتہ چند ماہ سے فی کلو دال پر 100 تا 150روپے بڑھے ہوئے تھے تاہم اب قیمتیں دوبارہ معمول پر آجائیں گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں