کورین کیمیکل کمپنی کا آج سے پلانٹ بند کر نے کا اعلان

 کورین کیمیکل کمپنی کا آج سے پلانٹ بند کر نے کا اعلان

کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)ملک کی خراب معاشی صورتحال،سیاسی غیر یقینی اور مرکزی بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی نے پاکستان میں اپنا پلانٹ غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مختلف اقسام کے کیمیکلز تیار کرنے والی معروف کورین کمپنی لوٹے کیمیکل کارپوریشن نے کراچی میں پورٹ قاسم پر واقع لوٹے کیمیکل پاکستان کے پلانٹ کو ملک کی موجودہ خراب معاشی صورتحال کے باعث غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا ہے ۔لوٹے کیمیکل پاکستان کے کمپنی سیکریٹری کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی در آمد کیلئے زرمبادلہ کی عدم فراہمی اور بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ نہ کھولے جانے کے باعث کمپنی کیلئے پلانٹ میں پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنا نا ممکن ہوگیا ہے لہٰذا کمپنی نے کراچی میں واقع اپنا پلانٹ 15مارچ سے غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خام مال کی در آمد کیلئے زرمبادلہ کی عدم فراہمی کے باعث مقامی کار ساز اسمبلرز اپنی پیداوار عارضی طور پر معطل کرچکے ہیں جب کہ موبائل فون بنانے والے مقامی کمپنی ٹیکنو پاکستان سمیت دیگر بعض کمپنیاں اپنی پیداواری سرگرمیاں معطل یا کم کر چکی ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں