حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ

  حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی(بزنس رپورٹر)حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے اعلان جلد متوقع ہے۔

پہلے مرحلے میں صرف ایک ہزار روپے والے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کئے جائیں گے جبکہ 500، پانچ ہزار اور دس ہزار روپے والے ڈیجیٹل بانڈز کی فروخت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ بانڈز کاغذ والے بانڈز کی طرح نہیں ہوں گے بلکہ ڈیجیٹل بانڈز خریدنے والوں کو صرف نمبر جاری کئے جائیں گے یا ان کی ڈیجیٹل تصاویر موبائل ایپلی کیشنز پر جاری کی جائیں گی ۔ یہ بانڈز مارکیٹ میں موجود پریمیم پرائز بانڈ زکی طرح صارف یا خریدنے والے کے نام پر رجسٹرڈ ہو نگے ۔ ڈیجیٹل بانڈز کا ڈیلرز سے کوئی لینا دینا نہیں ہو گا ،یعنی بانڈز کی خرید و فروخت پر اضافی رقم نہ دی جا سکے گی اور نہ ہی لی جا سکے گی اور نہ ہی انعام کے حصول کیلئے کسی ڈیلر سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ڈیجیٹل بانڈز خریدنے سے قبل ہر خریدار کو ڈیجیٹل بچت اکاؤنٹ کھلوانا ہو گا ۔باقی عام بانڈز فی الحال اسی طرح مارکیٹ میں چلتے رہیں گے اور ان کی قرعہ اندازی بھی ہوتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں