اسٹاک ایکسچینج: 63ہزارپوائنٹس کاتاریخی سنگ میل بھی عبور

اسٹاک ایکسچینج: 63ہزارپوائنٹس کاتاریخی سنگ میل بھی عبور

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ روز 100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 63 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح عبورکرگیا ۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا،غیرملکی سرمایہ کاروںنے منافع بخش شعبوں میں بھر پور خریداری کی جس کی وجہ سے انڈیکس پہلی بار64038پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا مگر کاروبارکے اختتام سے انڈیکس بلند سطح پر برقرار تو نہ رہ سکا مگر تاریخی بلندی برقرار رہی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں مضبوط اور تیز رفتار بحالی جاری ہے ،گزشتہ 6 ماہ کے دوران مارکیٹ ویلیو میں 60 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 20 ارب ڈالر سے بڑھ کر 32 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔بدھ کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کے امکانات نے سرمایہ کاروں میں ایک نئی جان سی ڈال دی ہے اور ملکی وغیرملکی سرمایہ کار منافع بخش شیئرز کی خریداری میں بدستور دلچسپی لے رہے ہیں۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 961پوائنٹس کے اضافے سے 63917 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 348 پوائنٹس کے اضافے سے 21351 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس526پوائنٹس بڑھ کر 42533 پرجاپہنچا ۔ اس دوران سرمایہ کاروں کو 113ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 92کھرب6ارب روپے ہوگیا جبکہ 28 فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں