ڈالرکی قد رمیں اضافہ ،سونا 214300روپے پر مستحکم

ڈالرکی قد رمیں اضافہ ،سونا 214300روپے پر مستحکم

کراچی(این این آئی)آئی ایم ایف مذاکرات اگلے جائزے کے لیے نئی حکومت کے قیام کے ساتھ مشروط کیے جانے اور انتخابات کے بعد سیاسی افق پر غیریقینی صورتحال ڈالر کی طلب میں اضافے کا باعث بن گئی۔۔

 زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ کے بعد معمولی نوعیت کا اضافہ ہوگیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر5پیسے کے اضافے سے 279.33روپے کاہوگیا ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر18پیسے کے اضافے سے 281روپے 19پیسے کی سطح پر بندہوا۔ریسرچ ادارے ٹریس مارک کے مطابق اگلے 15 دنوں میں ڈالر کی قدر محدود پیمانے پر اتار چڑھاؤ کے ساتھ مستحکم رہنے کی امید ہے ، ٹریس مارک نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ مختصر دورانیے کے لیے ڈالر کی قدر گھٹ کر 272 روپے کی سطح پر آسکتی ہے ۔ماہرین نے کہا کہ ممکنہ طور پر قائم ہونے والی مخلوط حکومت میں سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں اور اس مخلوط حکومت کو مختلف نوعیت کے معاشی چیلنجز کا سامنا ہوگا جن میں رواں مالی سال کے اختتام تک 5 ارب ڈالر مالیت کے بیرونی قرضوں ادائیگیوں سمیت آئی ایم ایف سے قرضے کا اگلا پروگرام حاصل کرنے مہنگائی پر قابو پانے جیسے عوامل شامل ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے انتخابات کے بعد پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ ہونے کے علاوہ دیگر مثبت توقعات کی بھی پیش گوئی کی تھی جن میں معیشت کی بحالی، فارن انویسٹمنٹس پر توجہ مرکوز ہونے جیسی توقعات بھی شامل ہیں جس سے روپے کی قدر میں استحکام پیدا ہوسکتا ہے ۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا دوڈالر کی کمی سے 2043ڈالرفی اونس کاہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2لاکھ14ہزار300روپے اوردس گرام 1لاکھ83ہزار728روپے پر برقرار رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں