پاکستان مزید سیاسی عدم استحکام کامتحمل نہیں ہوسکتا،زبیرطفیل

 پاکستان مزید سیاسی عدم استحکام کامتحمل نہیں ہوسکتا،زبیرطفیل

کراچی (آن لائن)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر اورفیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر زبیرطفیل نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کے بعدملک میں سیاسی محاذ آرائی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے ۔۔

کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا پاکستان مزید سیاسی عدم استحکام کامتحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے انتخابات کے بعد سے ملک میں سیاسی جماعتوں کے مابین اقتدار کی رسہ کشی کو ملک کیلئے شدید نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ سیاسی لڑائی کے بجائے وسیع البنیاد قومی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ معاشی استحکام اور انتخابی اصلاحات خاص طور پر متناسب انتخابی نظام کے لیے قوم کی بہترین خدمت ہوسکے ۔ زبیر طفیل نے کہا کہ معیشت کو تمام سیاسی مفادات پر فوقیت دی جائے ، قوم اور ملک کو ایک مضبوط معیشت کی ضرورت ہے جو ایک پائیدار طویل المدتی وسیع البنیاد قومی حکومت کے بغیر ممکن نہیں، تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور جیتنے والے آزاد امیدواروں کو ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے ۔ صدر یو بی جی نے کہا کہ ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے ،انتخابات اور آزادی رائے کا اظہار جمہوریت کیلئے ایک صحت مند علامت ہے ، حالیہ انتخابات میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا اور ہمیں یقین ہے کہ نوجوان پارلیمنٹ میں جاکر ملک کے بہتر مفاد میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں