زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں اضافہ

زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں اضافہ

اسلام آباد(اے پی پی)زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 103فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

 پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 49 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 103 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات کا حجم 24 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 12 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 394 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال جنوری میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 2 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 149 فیصد کا اضافہ ہوا۔ دسمبر میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات کا حجم 5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری میں بڑھ کر 12 ملین ڈالر ہوگیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات پر 4.35 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.73 ملین ڈالر تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں