اسٹاک مارکیٹ میں مندی ، انڈیکس 70333 پوائنٹس پر بند

اسٹاک مارکیٹ میں مندی ، انڈیکس 70333 پوائنٹس پر بند

کراچی(کامرس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں کاروباری اتار چڑھاؤرہا اور دن اختتام پر کے ایس ای-100انڈیکس 150.34 پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ روز کے 70 ہزار 483 پوائنٹس سے کم ہو کر 70 ہزار 333 پوائنٹس پر بند ہوگیا۔

 اسٹاک مارکیٹ میں اگرچہ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 70700پوائنٹس کی بلند سطح عبور کر گیا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے لیے فروخت کے دباؤسے کاروبار میں تیزی فوراً مندی میں تبدیل ہو گئی اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای-100انڈیکس میں 150.34پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 70483.66پوائنٹس سے کم ہو کر70333.32پوائنٹس پرآگیا ۔کاروبار میں مندی سے سرمایہ کاروں کو17 ارب روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا اور سرمائے کا مجموعی حجم 98 کھرب روپے سے کم ہو کر97کھرب روپے پر آگیا جبکہ 54.59 فیصد حصص کی قیمتیں بھی کم ہو گئیں۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط کے خدشات کے پیش نظر بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کی قیاس آرائیوں اور معاشی بہتری کے اثرات فوری ظاہر نہ ہونے پر قلیل المدتی فروخت سے مارکیٹ دباؤکا شکار ہوئی۔کاروبار میں مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 17ارب 5 کروڑ 19 لاکھ 89 ہزار 157 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم کم ہو کر 97 کھرب 95 ارب 68 کروڑ 11 لاکھ 67 ہزار 315 روپے ہو گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں