صنعتکاروں نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کردی

صنعتکاروں نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کردی

کراچی (بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے اس اقدام کو صنعت و معیشت کے لیے افسوسناک قرار دیا ہے۔۔۔

 اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں، بصورت دیگر پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہو جائے گا۔انہوں نے وزیرعظم سے اپیل میں مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے صنعتیں چلانا تو دور کی بات معمولات زندگی گزارنا محال ہوگیا ہے ۔ پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں جبکہ کاروباری و پیداواری لاگت میں مزید اضافے کی صورت میں صنعتوں پر اس کے براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔کامران عربی کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس نرخوں میں بے پناہ اضافے نے پہلے ہی صنعتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے اور اب پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے سے صنعتوں کا پہیہ رک جائے گا اور اس کا نتیجہ بالآخر برآمدات میں کمی اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری کی صورت میں نکلے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں