یوبی جی کا اقتصادی نمو کی بحالی کیلئے پالیسی ریٹ میں مزید کمی کا مطالبہ

 یوبی جی کا اقتصادی نمو کی بحالی کیلئے پالیسی ریٹ میں مزید کمی کا مطالبہ

کراچی(آن لائن)یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،صدر زبیر طفیل، مرکزی رہنماؤں خالد تواب، حنیف گوہر، اور سید مظہر علی ناصر نے اسٹیٹ بینک کی حالیہ 100 بیس پوائنٹس کی پالیسی ریٹ میں کمی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور اقتصادی بحالی اور ترقی کے لئے مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو کاروباری اخراجات کی زیادہ لاگت کو حل کرنے کے لئے 300 سے 500 بیس پوائنٹس کی بڑی کمی کی توقع کی تھی۔ یوبی جی کے رہنماؤں نے 19.5فیصد کی پالیسی ریٹ کو مایوس کن قرار دیا اور مزید کمی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم شرح سود بین الاقوامی رحجانات کے مطابق نجی شعبے کی قرضے لینے کی حوصلہ افزائی کرے گی اوراس سے کاروباری توسیع اور صنعت کاری میں مدد ملے گی۔ رہنماؤں نے بتایا کہ حکومت کے انتظامی اقدامات اور زرعی پیداوار میں بہتری کی وجہ سے مہنگائی 38فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد ہوگئی ہے۔ یوبی جی کے رہنما حالیہ شرح کمی کو ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھتے ہیں لیکن کاروباری برادری کی مدد کے لئے مزید کمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شرح سود میں مزید کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کر سکتی ہے اور پالیسی ریٹ میں مزید کمی کو تیز کر سکتی ہے اگر وہ بجلی کے کم نرخوں میں شامل ٹیکسوں کو کم کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں