اسٹاک ایکسچینج میں 102 پوائنٹس کی مندی، 13 ارب منافع
کراچی(آن لائن)اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو ملاجلارجحان رہا ۔کے ایس ای 100 انڈیکس 102 پوائنٹس کی کمی سے 77877 پوائنٹس پر بند ہواتاہم سرمایہ کاروں کو 13 ارب روپے کا منافع ہوا۔۔۔
جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 104کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جب کہ 47 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو اگرچہ کاروبار کے آغاز پر تیزی رونما ہوئی اور مارکیٹ ایک بار پھر 78ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہونے کیساتھ مارکیٹ تنزلی کا شکار بھی ہو گئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 41پوائنٹس کی کمی سے 24961پوائنٹس تاہم آل شیئرز انڈیکس 49960 پوائنٹس سے بڑھ کر 50923 پوائنٹس پر جا پہنچا ۔ سرمایہ بڑھ کر 104کھرب2ارب روپے ہوگیا ۔ منگل کو 19 ارب مالیت کے 60 کروڑ 41 لاکھ 44ہزار حصص کے سودے ہوئے جب کہ پیر کو 22 ارب مالیت کے 41 کروڑ 51 لاکھ 70 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ مجموعی طور پر 443 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 183 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،211میں کمی اور 49 میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے کوہ نور اسپننگ 13 کروڑ 19 لاکھ ،یوسف ویوننگ 8کروڑ92لاکھ ،حیسکول پٹرول 4کروڑ78لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ83لاکھ اور ایئر لنک کمیونی کیشن 1 کروڑ 93 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔