دہشتگردی کی لہر ختم ہونی چاہئے، افغانستان میں بھی امن کے خواہاں ہیں: چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پورے ملک میں دہشت گردی کی لہر کو ختم ہونا چاہئے، افغانستان ہمارا جڑواں بھائی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن ہو، پاکستان کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں۔

یوم آزادی کی مناسبت سے سویٹ ہوم اسلام آباد میں تقریب ہوئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سویٹ ہوم کے بچوں کے ساتھ پرچم کے ساتھ پریڈ میں حصہ لیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کی وجہ سے پاکستان سویٹ ہوم کے بچے ڈاکٹر، کیڈٹ اور بڑے افسران بن رہے ہیں، بینظیر بھٹو کا پیغام تھا کہ ہم نے ملک کے بچے اور بچیوں کو تعلیم دینی ہے، جن لوگوں نے سویٹ ہوم میں حصہ لیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یتیم وہ نہیں جن کے ماں باپ نہیں، یتیم وہ ہے جس کے پاس علم نہیں، جن علاقوں میں تعلیم نہیں ادھر دہشت گردی ہے، ملالہ یوسفزئی نے امن ایوارڈ کیلئے اپلائی کیا مگر نہیں دیا گیا، میں نے ملالہ یوسفزئی کو اپنے آفس بلا کر پاکستان کا پہلا پیس ایوارڈ دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بعد میں پوری دنیا نے مانا کہ ملالہ یوسفزئی نوبل انعام کی حقدار ہے، اس وقت میرا بیٹا طالبان کے پاس تھا، میں ملالہ کے ایوارڈ پروگرام میں شامل ہوا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں