اقتصادی استحکام ملکی خودمختاری کی کلید ،گورنر اسٹیٹ بینک
کراچی(آئی این پی)اسٹیٹ بینک میں پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ نئے عزم اور ملی ّجوش و جذبے کے ساتھ بدھ کو منائی گئی ۔
تقریب کا باضابطہ آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد پاک بحریہ کے بینڈ نے قومی ترانے کی دْھن پیش کی۔ رنگا رنگ تقریب میں اسٹیٹ بینک کی سینئر انتظامیہ، افسران اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا پیغام ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ہارون رشید نے پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں گورنر جمیل احمد نے بانیانِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔گورنر نے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام ہی کسی ملک کی خودمختاری کا بنیادی جْزو ہوتا ہے ۔ جمیل احمد نے نشاندہی کی کہ جولائی میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 11.1 فیصد رہ گئی ۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 0.68 ارب ڈالر رہ گیا۔ ترسیلاتِ زر بڑھ کر 30.25 ارب ڈالر ہوگئی ، میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری حکومت اور اسٹیٹ بینک دونوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔