میرپورخاص میں ایکسپورٹ مرکز قائم کیا جائے ،مینگو فیسٹیول کمیٹی

 میرپورخاص میں ایکسپورٹ مرکز قائم کیا جائے ،مینگو فیسٹیول کمیٹی

میرپورخاص(بیورورپورٹ)چیئرمین ضلع کونسل میر انور علی تالپور اور ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی کی سربراہی میں میرپورخاص کے آموں ،پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کی فروغ، کاروبار میں وسعت اور بیرون ممالک برآمد کرنے کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ۔۔۔

کمشنر کمیٹی ہال میں اجلاس منعقد ہوا۔ اس سلسلے میں کمشنر میرپورخاص کی دعوت پر دنیا کی معروف ترین شپنگ کمپنی سی ایم اے اور سی جی ایم کے چیف کمرشل آفیسر مہاسن محمد اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی سے اس میٹنگ میں تشریف لائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود، چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل میر انور علی تالپور نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ میرپورخاص کے آموں کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں طلب بڑھ رہی ہے ، اس ضمن میں ڈویژنل انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ میرپورخاص کے آموں اور مختلف پھلوں ،سبزیوں کو برآمد کیا جائے ۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کمپنی کے وفد کو کہا کہ میرپورخاص کے آموں، پھلوں کے کاروبار کے فروغ کے لئے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کیا جائے ،ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کریگی ۔ چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی نے کہا کہ میرپورخاص کے آموں ودیگر پھلوں کی برآمد بڑھانے کے لئے سب سے پہلے میرپورخاص میں ایکسپورٹ مرکز قائم کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں