ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کو 2.6ارب کا قبل از ٹیکس منافع

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کو 2.6ارب کا قبل از ٹیکس منافع

کراچی(بزنس ڈیسک)ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک (ٹی ایم بی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی کیلئے بینک کے مالیاتی نتائج کی منظوری دیدی۔

ٹی ایم بی نے 2024ء کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون )کے دوران غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2.6 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو 2023ء کی پہلی ششماہی کے 0.3 ارب روپے کے مقابلے میں 788 فیصد زائد ہے ۔ بینک کی ایکوٹی 10 ارب روپے تک پہنچ گئی جب کہ ڈپازٹس21فیصداضافے سے 67ارب روپے تک جاپہنچے ۔ایڈوانسز 22.9 ارب روپے کی سطح پر ریکارڈ کیے گئے جو 59 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔ بینک نے 26.9 فیصد کا مستحکم کیپٹل ایڈیکویسی ریشو (سی اے آر)کو برقرار رکھا۔ٹی ایم بی کے فلیگ شپ ڈیجیٹل فنانشل سروسز پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے شاندار ترقی کرتے ہوئے 15ملین سے زائد ماہانہ فعال صارفین کا سنگ میل عبور کرلیا ہے اور ہر چار پاکستانی میں سے ایک بالغ شخص کے پاس ایزی پیسہ کا رجسٹرڈ اکاؤنٹ ہے ۔ 45 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کے ساتھ ایزی پیسہ نے پاکستان کی سرکردہ فنانشل سروسز ایپس کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم بنایا ہے اور گوگل پلے اسٹور پر 4.5 کی ریٹنگ حاصل کی ہے ، جو بینکنگ اَیپس میں سب سے زیادہ ہے ۔ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک نے اپنے بنیادی والیٹ پلیٹ فارم کو مونولیتھیک آرکیٹیکچر سے مائیکرو سروسز اسٹیک میں منتقل کردیا ہے ، جس کے ذریعے اُسے مزید ماڈیولر اور اسکیل ایبل بنایا گیا ہے ۔ٹیلی نار بینک/ ایزی پیسہ کے چیف فنانشل آفیسر امین سکھیانی نے کہا کہ 2024 کی دوسری ششماہی میں داخل ہوتے ہوئے ہم اقتصادی نمو اور ترقی کی رفتار تیز کرنا چاہتے ہیں، جس میں صارفین ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ایک مکمل ڈیجیٹل ریٹیل بینک بننے کی جانب ہماری پیش قدمی جاری ہے ، جس کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں پر ہے ۔ اس سے ہماری صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور ہم پاکستان کے مالیاتی منظرنامے میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے صارفین کی زیادہ بہتر طریقے سے خدمت کرسکیں گے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں