ایف بی آر سسٹم کی سست روی کی شکایات دورکرنے کامطالبہ

ایف بی آر سسٹم کی سست روی کی شکایات دورکرنے کامطالبہ

کراچی (بزنس رپورٹر ) کاٹی کے نو منتخب صدر جنید نقی نے وزیر اعظم کے احکامات پر ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بروقت فیصلے نے سسٹم ڈاؤن کے باعث گوشوارے جمع کرانے سے محروم رہنے والے ٹیکس کنندگان کو گوشوارے جمع کرانے کا موقع مل گیا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی وزیر اعظم شہباز شریف کی مشکور ہے کہ جنہوں نے چیمبرز، ایسو سی ایشنز، ٹریڈ باڈیز اور ٹیکس بار سمیت بزنس کمیونٹی کے مطالبہ پر تاریخ میں توسیع کی۔ جنید نقی نے کہا کہ تاریخ میں بروقت توسیع سے شارٹ فال پر کرنے اور مقررہ ہدف کا حصول ممکن ہوگا۔صدر کاٹی نے چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کی کہ ایف بی آر کے سسٹم IRIS کی سست روی اور سسٹم ڈاؤن ہونے کی شکایات کا ازالہ کیا جائے ،تاکہ بزنس کمیونٹی بلا تعطل ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرسکیں۔ جنید نقی نے امید ظاہر کی کہ حکومت گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کار کو مزید آسان بنائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں