پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 20فیصداضافہ ریکارڈ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال ستمبر کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 20 فیصد اضافے سے 1.27 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی ۔
بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل)کے مطابق فروخت میں اضافہ ایم ایس اور ایچ ایس ڈی کی قیمتوں میں بالترتیب 20.19 فیصد اور 20.06 فیصد کی کمی کے درمیان زیادہ طلب کی وجہ سے ہوا ہے ۔ گزشتہ ماہ پٹرول کی طلب میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 0.63 ملین ٹن رہی۔اسی طرح ستمبر 2024 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی ترسیل 25 فیصد اضافے کے ساتھ 0.49 ملین ٹن رہی۔دوسری جانب فرنس آئل (ایف او) کی فروخت کا حجم18 فیصد کم ہوکر 0.07 ملین ٹن تک پہنچ گیا، جس کی وجہ ایف او پر مبنی بجلی کی پیداوار کی کم طلب ہے ۔ماہانہ بنیاد پر ستمبر کے دوران پی او ایل مصنوعات کی طلب میں 5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ اگست میں یہ 1.22 ملین ٹن تھی۔