ڈیجیٹلائزیشن سے اقتصادی ترقی کو تحریک ملے گی،اسٹیٹ بینک

 ڈیجیٹلائزیشن سے اقتصادی ترقی کو تحریک ملے گی،اسٹیٹ بینک

کراچی (بزنس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ بینکنگ سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن سے مالی خدمات اور اقتصادی ترقی کو تحریک ملے گی۔

 ٹیکنالوجی میں تیز رفتار تبدیلی نے نہ صرف بینکوں کو جدت طراز مالی سہولتیں صارفین کو فراہم کرنے کے قابل بنایا ہے بلکہ ضابطہ ساز ادارے بھی جدید ترین ڈیٹا جمع اور پراسیس کر کے مؤثر طریقے اور کارگزاری سے تعمیل کو یقینی بنانے کے قابل ہوئے ہیں۔تیرہویں بینک آف دی فیوچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکاری شعبے میں جدت طرازی اور ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کے اسٹیٹ بینک کے عزم کو اجاگر کیا ۔ گورنر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پاکستان میں ڈیجیٹل بینک قائم کرنے کا فریم ورک جاری کیا تاکہ آئی ٹی سے متعلق، نان بینکنگ اداروں کو مالی خدمات کی صنعت میں داخل ہونے کی مزید سہولت دی جائے ۔ چنانچہ 5درخواست گزاروں کو اصولی منظوری دی گئی ہے جو ملک میں پائلٹ آپریشن جلد ہی شروع کرنے والے ہیں۔گورنر نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی ایس او 2022 ادائیگی کے معیارات نافذ کر کے بین الاقوامی رجحانات کے مطابق اپنی خردہ ادائیگی کی صنعت کو یکسر تبدیل کرنے پر کام شروع کیا۔ فوری ادائیگی کا ہمارا ملکی نظام ’راست‘ 2021ء میں شروع کیا گیا جو آئی ایس او 2022 معیارات پر مبنی ہے۔ تقریباً تین سال میں یہ نظام 19 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کی اندازاً 850 ملین ٹرانزیکشن پراسیس کرچکا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں