ہاتھ سے بنے قالینوں کی نمائش کا 9اکتوبرسے لاہور میں آغاز
لاہور(آئی این پی ) کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹڈاپ )کے اشتراک سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں عالمی نمائش بدھ سے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں شروع ہو گی ۔
9سے 11اکتوبر تک جاری رہنے والی نمائش میں 30ممالک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدار شریک ہونگے ۔ ایگزی بیشن کمیٹی کے چیئرمین عثمان اشرف نے بتایا کہ 3 روزہ عالمی نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کریں گے ۔ نمائش کے موقع پر پہلی مرتبہ انٹر نیشنل کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائیگا جس سے نامور ملکی اور غیر ملکی معاشی تجزیہ کار خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے غیر ملکی مہمانوں ،مینو فیکچررزاور برآ مد کنندگان کو عشائیہ بھی دیا جائے گا ۔غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان آمد پر بہترین ہاسپیلٹی دیں گے اور ان کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ٹڈاپ کی معاونت سے عالمی نمائش کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں ، ہم عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں جس سے صنعت کو تقویت ملے گی ۔ نمائش کے موقع پر بڑے پیمانے پر برآمدی سودے ہونے کا امکان ہے جس سے یقینی طور پر پیداواری سر گرمیاں عروج حاصل کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کو غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کا ذریعہ بنائیں گے۔