پاکستانی تجارتی وفد کی 39ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا میں شرکت

 پاکستانی تجارتی وفد کی 39ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا میں شرکت

کراچی(آن لائن)پاکستان اور انڈونیشیا کے شراکت داروں کے مابین 10.70ملین امریکی ڈالر کے دوطرفہ تعاون کے معاہدے طے پائے ہیں۔

 جس کا مقصد باہمی تجارت و تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ انڈونیشیا میں منعقدہ 39 ویں ٹریڈ ایکسپو اور فرسٹ انڈونیشین ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیاء بزنس فورم(آئی این اے ایس سی اے )کے موقع پر معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ معاہدوں میں کھوپرا، گم کوپل، کوکو، ڈیسیکیٹڈ کوکونٹ، ادرک اور مصالحہ جات وغیرہ اور تجارتی تعاون کے مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے ،اس کے علاوہ کنزیومر گڈز اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں بھی معاہدے طے پائے ۔کراچی میں انڈونیشیا کے قونصلیٹ جنرل نے تقریباً 25پاکستانی اور انڈونیشیا کے کاروباری اداروں اور معززین کے اعزاز میں بزنس ڈنر کا اہتمام بھی کیا جس میں پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل (پی آئی بی سی)کے چیئرمین عابد نثار اور صدر پی آئی بی ایف شمعون ذکی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ٹریڈ ایکسپو میں پاکستانی تجارتی وفد کو سہولیات کی فراہمی پر قونصلیٹ جنرل سمیت حکومت انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل تیگو ویویکو نے پاکستانی تجارتی وفد کی شرکت کو سراہتے ہوئے اس دورے کو انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان بالخصوص صوبہ سندھ کی تاجر برادری کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل (پی آئی بی سی)کے چیئرمین عابد نثار نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ملکوں کے لیے باہمی اقتصادی فوائد اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔ احمد صفیان نے کہا کہ معاہدے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں جن میں پرائیویٹ کمپنیاں، مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اور سرکاری ادارے شامل ہیں۔تقریب میں انڈونیشین حکومت کی طرف سے قائمقام قونصل جنرل نے اپیکل پاکستان کے کنٹری ہیڈ نوید گیلانی کو ایوارڈ پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں