ٹڈاپ :صحبت پور میں چاول کی پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ پر سیمینار
کراچی(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے زرعی توسیع کے محکمہ جعفرآباد کے ساتھ مل کر چاول کی بعد از فصل کی مینجمنٹ(پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ )پر ایک کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا۔
یہ سیمینار صحبت پور میں منعقد کیا گیا جس میں کسانوں کو جدید پوسٹ ہارویسٹ طریقوں سے آگاہ کرنے پر زور دیا گیا تاکہ چاول کے معیار میں بہتری لائی جا سکے ۔سیمینار میں بعد از فصل کے عمل کو موثر طریقے سے منظم کرنے کے لیے بہترین طریقوں پر زور دیا۔ 102 سے زائد شرکاء نے پروگرام میں شرکت کی۔ ٹڈاپ کے ایگرو اینڈ فوڈ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے شرکاء کا خیرمقدم کیا گیا۔ زرعی توسیع کے محکمہ جعفرآباد اور ٹڈاپ کے ممتاز اسپیکرز نے تکنیکی سیشنز کی قیادت کی۔سیمینار کا اختتام ضلع کے چیئرمین اور اسسٹنٹ کمشنر کی تقریر سے ہوا جنہوں نے ٹڈاپ اور زرعی توسیع کے محکمہ کو اس اہم ایونٹ کے انعقاد پر سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ یہ سیمینار کسانوں کی بعد از فصل طریقوں کے بارے میں آگاہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اس سیمینار میں زیر بحث آنے والی طریقوں کو اپنائیں ۔ سیمینار ٹڈاپ کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصدزرعی طریقوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ چاول کی برآمدات بین الاقوامی معیارات پر پورا اتریں اور عالمی مارکیٹس میں مسابقتی رہیں۔