چیمپئنز ٹرافی : پی سی بی بدستور اپنے موقف پر قائم

  چیمپئنز ٹرافی : پی سی بی بدستور  اپنے  موقف پر قائم

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پی سی بی چیمپئنز ٹرافی معاملے پرتاحال اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے ،ذرائع کے مطابق پی سی بی کے مطابق کرکٹ کے میگا ایونٹ کے حوالے سے فیصلہ اب آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کرنا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اگلے 3 برس بھارت جا کر کوئی میچ نہیں کھیلے گا، فیوژن ماڈل کے تحت پاک بھارت آئی سی سی میچ نیوٹرل وینیو پر ہی ہونگے ،پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان اصولی موقف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بھارتی بورڈ چیمپئنز ٹرافی فیوژن فارمولے پر کھیلنے کے لیے راضی ہوگیا ہے مگر یہی فارمولا اپنے ایونٹس پر لاگو نہیں کرنا چاہتا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے گروپ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے لیکن اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچے تو اسے بھارت میں کھیلنا ہوگا ۔بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرے گا تو اسے آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی سمیت اگلے 3 سال تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے فیوژن ماڈل پیش کیا۔ماڈل کے مطابق اگر بھارت پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی آئی سی سی کے کسی میچ کیلئے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا، پاکستان اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہے جبکہ بھارتی ہٹ دھرمی اور کھیلوں میں سیاسی مداخلت کے باعث آئی سی سی نے تاحال چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی نہیں کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں