اسٹاک ایکسچینج میں 111پوائنٹس کی تیزی ،32ارب خسارہ
کراچی (بزنس رپورٹر) اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو ملاجلا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 111پوائنٹس کے اضافے سے 117119پوائنٹس پر بند ہوا ۔
تاہم سرمایہ کاروں کو 32ارب روپے کا خسارہ ہوا جبکہ 47فیصدحصص کی قیمتیں بھی گرگئیں۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 1لاکھ18ہزار367پوائنٹس کی بلند سطح کوچھو گیا ، بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی اور انڈیکس واپس1لاکھ17ہزار 100پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔ماہرین نے سیشن کے آغاز میں خریداری کی رفتار کو بہتر میکرو اکنامک اشاریوں کی وجہ قرار دیا، جس میں افراط زر کی شرح میں کمی بھی شامل ہے ، جس سے پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی امید یں بڑھ گئی ہیں۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 72 پوائنٹس اضافے سے 36ہزار937پوائنٹس پر بند ہوا تاہم کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 73ہزار 26 پوائنٹس سے کم ہو کر 72ہزار863پوائنٹس پرآگیا۔ جمعرات کو 46ارب روپے مالیت کے 1 ارب 3 کروڑ 78 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 46ارب روپے مالیت کے 95کروڑ62لاکھ74ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر464کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 193کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،225میں کمی اور46کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔