ڈالر کی پیش قدمی جاری،تولہ سونا1100روپے مہنگا
کراچی(بزنس ڈیسک)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔
ادھر سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر9پیسے کے اضافے سے 278.64روپے پر جاپہنچا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر10پیسے مہنگا ہوکر 279.70روپے کا ہوگیا۔ماہرین کے مطابق رواں ماہ اور اگلے ماہ بھی بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں لہذا بیرونی ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بڑھانے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی ڈالر کی قدر میں بتدریج اضافے کے امکانات ہیں۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 11 ڈالر کے اضافے سے 2635 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 1100 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 74 ہزار 700 روپے پرجاپہنچا ۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 35 ہزار 511 روپے ہوگئی۔