سرمایہ کاری سیاسی استحکام سے مشروط،اشرف بھٹی
لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بیل منڈھے چڑھانی ہے تو مذاکراتی کمیٹی میں شامل رہنماؤں پر بیان بازی پر پابندی عائد کی جائے ۔
اڑان پاکستان منصوبے کو چند سیکٹرز تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ معیشت میں حصہ ڈالنے والے تمام سیکٹرز کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔ بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ عوام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ، جب تک مذاکرات کا عمل جاری ہے کمیٹی میں شامل رہنماؤں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا اندرون اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاری نہیں آئے گی ،معیشت کی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہے ، حکومت اور اپوزیشن کو میثاق معیشت کیلئے بھی پیشرفت کرنی چاہیے ،اس سے کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ ملک کا فائدہ ہے۔