غزہ :اسرائیلی بربریت ،مزید50شہید،3اسرائیلی ہلاک

غزہ :اسرائیلی بربریت ،مزید50شہید،3اسرائیلی ہلاک

یروشلم (اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بربریت میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50افراد شہید،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔

 ادھر مغربی کنارے میں  2 حملہ آوروں نے ایک بس اور 2 گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اسرائیلی شہری ہلاک،8زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔ حملے کے بعد حماس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملہ قابض اسرائیلی حکومت کیلئے پیغام ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں رہنے والے فلسطینی کسی صورت اپنے حقوق کا سودا نہیں کریں گے ،اسرائیلی قبضہ ختم ہونے تک اس کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے ۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 45ہزار854فلسطینی شہید،1لاکھ 9ہزار 139زخمی ہو چکے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ سے تین میزائل فائر کئے گئے ۔ایک پراجیکٹائل کو ایئر فورس نے روک لیا دوسرا کھلے علاقے میں گرا۔ کوئی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے کے بعد ممکن ہے ،انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ یہ کام اگلے دو ہفتوں میں کسی بھی وقت مکمل ہو جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں