امریکا:شدید برفباری،ہزاروں پروازیں منسوخ،دفاتر،سکولز بند،7 ریاستوں میں ایمر جنسی
واشنگٹن(اے ایف پی،رائٹرز)امریکا کی 30ریاستوں میں شدید برفباری،ہزاروں پروازیں منسوخ،دفاتر ،سکولز بند،7 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔
لاکھوں امریکی بجلی سے محروم ،6 کروڑ افراد متاثر ہونے کا خدشہ،کئی سڑکیں منقطع ،نظام زندگی مفلوج ہو گیا ۔دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔تٖصیلات کے مطابق امریکا کی 30 ریاستوں میں برفانی طوفان ’بلیئر‘ اور سردی سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ۔کئی ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے ، کچھ ریاستوں میں درجہ حرارت 5 سے منفی 29 ڈگری تک ہے ۔ نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ اوہائیو سے واشنگٹن تک کئی ریاستوں میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑسکتی ہے ،تقریباً 6 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، سرکاری دفاتر اور سکولز بند کر دئیے گئے ، لاکھوں امریکی بجلی سے محروم ہوگئے ،امریکی میڈیا کے مطابق برفانی طوفان سے سب سے زیادہ ریاست کنساس متاثر ہے ، میسوری، کینٹکی، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس اور نیو جرسی کے کچھ حصوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید موسم قطبی بھنور کی وجہ سے ہے ، جو آرکٹک کے ارد گرد گردش کرنے والی سرد ہواؤں کا علاقہ ہے اور وسطی امریکا میں سرد موسم لاتا ہے ۔ ‘بلیئر’ طوفان سے ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہوگئیں جبکہ کئی سڑکیں منقطع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کنساس شہر میں اس بار گزشتہ 32 سال کے دوران سب سے زیادہ برفباری ہو رہی ہے ، ابتک ایک فٹ سے زیادہ برفباری ہوچکی ، مزید ایک فٹ برفباری ہو سکتی ہے ۔ کنساس اور میسوری میں صورتحال سنگین ہے ۔ دریائے اوہائیو کے قریب کچھ علاقے سکیٹنگ رنکس کی طرح ہیں،سب سے خراب صورتحال کنساس میں ہے ، جہاں ہر کوئی محصور ہوکر رہ گیا ہے ، اس حوالے سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور مختلف ادارے پھنس کر رہ گئے ، شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ادھر برطانیہ میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ،نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے ، ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے ، پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔حکام نے متاثرہ رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔کئی علاقوں میں شدید برفباری، بارش، پھسلن اور سیلاب کی یلو وارننگ جاری کی گئی ہے ۔