بنگلہ دیش :جلاوطن حسینہ کے دوسری بار وارنٹ گرفتاری
ڈھاکہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے دوسری بار وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔
چیف پراسیکیوٹر کے مطابق بنگلا دیش کی عدالت نے جبری گمشدگیوں میں ملوث ہونے پر حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ اس سے پہلے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں حسینہ کے وارنٹ جاری ہو چکے ۔ عدالت نے حسینہ اور 11 دیگر افراد کے خلاف وارنٹ جاری کئے جن میں ان کے مشیر، فوجی اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے افسر شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ کے 15 سالہ دور اقتدار میں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں ہوئیں جن میں سیاسی مخالفین کی بڑے پیمانے پر حراست اور ماورائے عدالت قتل شامل ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیش نے بھارت میں اپنے ججز اور عدالتی افسروں کا تربیتی پروگرام منسوخ کر دیا۔تربیتی سیشن فروری میں شیڈول تھا جس میں 50 ججز اور عدالتی افسروں نے شرکت کرنی تھی۔ اخراجات بھارت نے ادا کرنے تھے ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر تربیتی سیشن میں شرکت منسوخ کی ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ محمد یونس کی سربراہی میں بنگلہ دیشی عبوری حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد نئی دہلی اور ڈھاکا کے تعلقات روز بروز مزید ابتر ہو رہے ۔