خشک پھلوں ،میوہ جات کی درآمدات میں 120فیصد اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)خشک پھلوں اور میوہ جات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران 120.66 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس)کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا نومبر 2024 کے دوران درآمدات کی مالیت 66.2 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران درآمدات کا حجم 30 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران 36.2 ملین ڈالر یعنی 120.66 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن گزشتہ مالی سال جولائی تانومبر 2023 46 ہزار 278 ٹن خشک پھل اور میوہ جات درآمد کئے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر 2024 کے دوران درآمدات 84 ہزار 573 ٹن تک بڑھ گئیں۔