آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی معاشی استحکام کیلئے اہم ،کاٹی

کراچی (بزنس ڈیسک )کاٹی کے صدر جنید نقی نے وفاقی کابینہ کی جانب سے 14 آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز)کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری کو معیشت کے استحکام اور صنعتوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے بجلی کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے فی یونٹ کی کمی کاروباری اداروں کیلئے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی سے 1.4 ٹریلین روپے کی بچت ہوگی، جو توانائی کے شعبے کی نااہلیوں کو دور کرنے اور گردشی قرضے کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ایک اہم اقدام ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعتیں طویل عرصے سے بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی اخراجات کا سامنا کر رہی ہیں،تاہم اس فیصلے سے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کو توانائی کی سستی اور قابلِ اعتماد فراہمی کے ذریعے اپنی پوزیشن دوبارہ مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔