کراچی چیمبرکاوفاقی سیکریٹری تجارت کے فیصلے کا خیرمقدم

کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے وفاقی سیکریٹری تجارت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔۔۔
جس میں ڈی جی ٹی او کے آرڈر کو معطل کرتے ہوئے کے سی سی آئی کے جمہوری طور پر منتخب عہدیداروں اور منیجنگ کمیٹی کو بحال کیا گیا ہے ۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بی ایم جی تاجربرادری کی غیر جانبدارانہ خدمت جاری رکھے گا۔زبیر موتی والا نے وزارت تجارت کے فیصلے کو پوری تاجر برادری کیلئے ایک تاریخی فتح اور تجارتی تنظیموں میں جمہوری حکمرانی کی توثیق قرار دیتے ہوئے کے سی سی آئی کے خلاف غیر منصفانہ اقدامات کی مذمت کی جس کی وجہ سے پاکستان کے سب سے بڑے چیمبر کو غیر فعال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کاروباری اداروں کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کرتے ہیں، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں اور معاشی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔