سر انور پرویز کے اعزاز میں پروقارعشائیہ
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)لارڈ ضمیر چوہدری سی پی ای ایس آئی پی کے نے اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں بیسٹ وے گروپ کے بانی اور چیئرمین ایمیریٹس سر انور پرویز اوبی ای ایچ پی کے کے اعزاز میں ایک باوقار اور جذباتی عشائیہ دیا۔۔۔
جس میں ان کی قابلِ تقلید زندگی، اقدار اور شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ اور برطانیہ کے وزیر لارڈ واجد خان آف برنلے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دونوں برطانوی نمائندگان نے برطانیہ میں سر انور پرویز کی بے مثال کاروباری کامیابیوں اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات میں بیسٹ وے گروپ اور سر انور کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔تقریب میں پاکستان کی اقوام متحدہ، امریکہ اور برطانیہ میں سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور معروف ماہر معیشت و سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین بھی موجود تھے جنہوں نے سر انور پرویز کی شخصیت اور خدمات پر ذاتی تاثرات پیش کیے اور ان کی برطانیہ میں کاوشوں اور پاکستان میں بیسٹ وے گروپ کے ذریعے کیے گئے کاروباری و فلاحی کاموں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس خصوصی تقریب میں اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداران، کاروباری برادری کی معروف شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔لارڈ ضمیر چوہدری نے سر انور پرویز کے لیے اپنے گہرے ذاتی احترام اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ ان کے چچا کی زندگی اور رہنمائی نے نہ صرف ان کی ذاتی زندگی بلکہ کئی دیگر لوگوں پر بھی گہرا اثر چھوڑا ہے ۔تقریب کا خاص لمحہ سر انور پرویز کی سوانحِ عمری کی تقریبِ رونمائی تھی، جو ان کی پاکستان کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے آغاز کی جدوجہد اور برطانیہ کے باوقار کاروباری رہنماؤں میں شمار تک کے سفر کو مؤثر انداز میں بیان کرتی ہے ۔