سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر، ڈالر سستا

سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر، ڈالر سستا

کراچی(بزنس رپورٹر)سونے کی قیمتوں میں روزانہ نئے ریکارڈ بننے لگے، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

ادھر انٹربینک میں ڈالر کی قدرگھٹ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگاہوگیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 59 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 3454 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 5 ہزار 900 روپے کے بڑے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 59 روپے کے بھاری اضافے سے پہلی بار 3لاکھ 11ہزار 814 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ پیر کو فی تولہ سونا 8100 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 57 ہزار 800 روپے پر جاپہنچا تھا ۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3441 روپے پر مستحکم رہی۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کی کمی سے 280.77 روپے کاہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 7 پیسے کے اضافے سے 282.40روپے پر جاپہنچا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں