آم کی برآمدات کا 25مئی سے آغاز،سرکلرجاری
کراچی(این این آئی)حکومت نے 25 مئی سے آم کی ایکسپورٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزارت تجارت نے سیزن 2025 میں مینگو ایکسپورٹ کا سرکلر جاری کردیا۔۔۔
ایکسپورٹ پالیسی آرڈر کے تحت آم کی برآمد کیلئے دیگر شرائط برقرار رہیں گی۔ آم کی برآمدات کیلئے تاریخ کا تعین اسٹیک ہولڈرز کمیٹی نے مشاورت سے کیا۔واضح رہے کہ پاکستان سالانہ ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن آم برآمد کرتا ہے ، پاکستان نے گزشتہ سال آم کی برآمد سے 9 کروڑ ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ کمایا،پاکستانی آم متحدہ عرب امارات ، افغانستان، ایران، برطانیہ اور امریکا سمیت کئی ملکوں کو جاتے ہیں۔دوسری جانب مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ترجمان نے بتایاکہ امسال موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافہ اورزیادہ بارشیں نہ ہونے کے باعث ہوا میں نمی کا دباؤ انتہائی کم جارہا ہے جس کے باعث بعض مقامات پر آم کا پھل متاثر ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آم کی اچھی فلاورنگ کیلئے مارچ میں درجہ حرارت پہلے 15 دنوں میں 13 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہوتا ہے مگر امسال ان دنوں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈسے بھی زائدرہا۔انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور درجہ حرارت بڑھنے کے باعث اس بار آم کی پیداوارمیں کچھ کمی کا خدشہ ہے ، اسلئے آم کے باغبان باغات میں نمی زیادہ کرنے کیلئے روٹاویٹر، ہل وغیرہ بالکل نہ چلائیں اور وقفہ آبپاشی کم یعنی 10سے 12 دن رکھیں۔