اسٹاک ایکسچینج : فروخت کا دباؤ، انڈیکس 718 پوائنٹس گرگیا
کراچی(بزنس رپورٹر)آئی ایم ایف کی جانب سے بجٹ میں سخت شرائط عائد کرنے پر اسٹاک سرمایہ کاروں کا اعتماد لڑکھڑا گیا اور اسٹاک ٹریڈنگ مسلسل دباؤ کے بعد گراوٹ کا شکار ہوگئی۔
اسٹاک سرمایہ کار دن بھر بلو چپ کمپنیوں کے شیئرز فروخت کرتے رہے اور 100 انڈیکس دن بھر مسلسل گراوٹ کے بھنور میں رہا ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب رہاجس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 718.51 پوائنٹس کی کمی سے 1,18,971.13پوائنٹس پربند ہوا۔ دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 1,19,689.64 کی نفسیاتی حدبرقرارنہ رکھ سکا۔ انڈیکس کی یومیہ بلند ترین سطح 1 لاکھ 19 ہزار 900 اور یومیہ کم ترین سطح 1 لاکھ 18 ہزار 500 پوائنٹس رہی ۔دوران ٹریڈنگ انڈیکس ایک موقع پر ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کم بھی ہوا۔ دوسری جانب کے ایس ای 30انڈیکس 281.37 پوائنٹس گھٹ کر 36283.39پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 949.65 پوائنٹس گراوٹ سے 179627.31 اور آل شیئر زانڈیکس 309.37 پوائنٹس کمی سے 73,878.89 پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 473 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 177 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 232 میں کمی اور 64 میں استحکام رہا۔ ریڈی مارکیٹ میں 43 کروڑ 79لاکھ 20 ہزار 561 حصص کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 20 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ دوسری جانب سرمایہ کاری کے انخلاء سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ہزار 391 ارب روپے سے گھٹ کر 14 ہزار 331 ارب روپے پر آگئی ہے۔