ڈالر کی قدر میں کمی ، سونا بھی 700روپے سستا
کراچی(بزنس رپورٹر)انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔۔
،ادھرعالمی و مقامی سطح پر سونے کے نرخ گرگئے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 5پیسے کے اضافے سے 282.02روپے پر جاپہنچا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 282 روپے 7 پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا7 ڈالر کی کمی سے 3302ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 700روپے کی کمی سے 3 لاکھ 48 ہزار 600 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 599روپے کی کمی سے 2 لاکھ 98 ہزار 868 روپے ہوگئی۔یادر ہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 3لاکھ 49 ہزار 300 روپے پر مستحکم رہی تھی ۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3380روپے پر مستحکم رہی۔