بجٹ26:ٹیکس دہندگان پر نئے ٹیکسز کی فیڈریشن کی مخالفت
کراچی(این این آئی)وفاقی چیمبر نے مالی سال2025-26کے وفاقی بجٹ میں موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید نئے ٹیکسز کے نفاذ کی اطلاعات کی مخالفت کردی ہے۔۔۔
اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملکی تجارت وصنعت کی ترقی اور نئی سرمایہ کاری کے رجحان کو بڑھانے کیلئے درآمدات وبرآمدات سمیت دیگر شعبوں پر نئے ٹیکسزکے نفاذ سے گریز کیا جائے ،اگر حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر نئے ٹیکسز عائد کئے تو ایف پی سی سی آئی اس کی مخالفت کرے گی۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امان پراچہ نے کہا کہ ٹیکس پالیسی اور انتظامی امورکو الگ کیا جائے تاکہ مفادا ت کے تصادم سے بچا جا سکے ، اس کے علاوہ بجٹ سازی کو ایک معمول کے مالیاتی عمل کی بجائے ایک اسٹریٹیجک معاشی ذریعہ بنایا جائے ۔ امان پراچہ نے زور دیاکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے تاکہ تمام غیر ٹیکس شدہ اور کم ٹیکس ادا کرنے والے شعبوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جاسکے ،پہلے سے لوگ ٹیکس ادا کررہے ہیں ان پر مزید ٹیکس لگائے گئے تو اس کے مضر اثرات ہونگے۔