سیمنٹ کی فروخت 1.94 فیصد کم، 34.4 ملین ٹن ریکارڈ
کراچی(بزنس رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران مقامی سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ 1.94 فیصد کمی رہی۔
سیمنٹ کی فروخت جولائی 2023 تا مئی 2024 کے دوران 35.1 ملین ٹن سے کم ہو کر 34.4 ملین ٹن رہی ،تاہم اسی عرصے کے دوران برآمدات میں 25.73 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیاجس کے نتیجے میں مجموعی طور پر سیمنٹ سیکٹر نے ان 11مہینوں کے دوران معمولی 2.46 فیصد نمو کا مظاہرہ کیا ۔ سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مئی 2025 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 8.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 4.651 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 4.284 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی تھی۔ مئی 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.662 ملین ٹن رہی جو مئی 2024 کی 3.362 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 8.93 فیصد زیادہ ہیں۔ برآمدات میں بھی 7.27 فیصد اضافہ ہوا اور سیمنٹ کا برآمدی حجم 0.922 ملین ٹن سے بڑھ کر 0.989 ملین ٹن ہو گیا۔