ٹڈاپ پشاور کی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سیمینار میں شرکت
پشاور(بزنس ڈیسک)تجارتی ترقیاتی ادارہ پاکستان (ٹڈاپ) پشاور دفتر نے وزارت انسانی حقوق، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اعلیٰ سطح سیمینار میں شرکت کی۔
یہ سیمینار کاروبار اور انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کے قومی ایکشن پلان (NAP) پر عملدرآمد کے موضوع پر سرینا ہوٹل پشاور میں منعقد ہواجس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور کاروباری سرگرمیوں میں انسانی حقوق کے اصولوں کے انضمام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ٹڈاپ پشاور نے اس موقع پر دو جامع پریزنٹیشنز پیش کیں جن میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا گیا کہ وہ خیبر پختونخوا، بالخصوص پسماندہ علاقوں میں ذمہ دارانہ کاروباری طرزعمل، اخلاقی تجارتی اصولوں، اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے میں کس طرح کردار ادا کر رہا ہے۔ ان پریزنٹیشنز میں خواتین کاروباری افراد کی معاونت، برآمدکنندگان کی انسانی حقوق سے متعلق معیار پر عملدرآمد کے لیے تربیت، اور تجارت و پائیدار ترقی کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار کے شرکائ، جن میں صوبائی سرکاری محکموں کے نمائندگان، تجارتی ادارے، جامعات، قانونی ماہرین، غیر سرکاری تنظیموں، اور بڑی تعداد میں خواتین کاروباری افراد شامل تھے، نے ٹڈاپ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔