ٹیکسٹائل برآمدات میں 33فیصداضافہ،1.69ارب ڈالر ریکارڈ
کراچی (بزنس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2025ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔۔۔
جو جولائی 2024ء کے مقابلے میں 33 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ارب 69 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اپٹما رپورٹ کے مطابق جون 2025ء میں برآمدات 1 ارب 53 کروڑ ڈالر تھیں جبکہ جولائی 2024ء میں یہ صرف 1 ارب 27 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، یوں ایک ماہ میں 10 فیصد اورسالانہ بنیاد پر 33فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی 2023ء میں بھی برآمدات 1ارب 31 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔اپٹما نے خوشخبری دی کہ مالی سال 2025ء کے اختتام پر ٹیکسٹائل برآمدات 17 ارب 88 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ روپے میں استحکام، عالمی طلب میں بہتری اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،تاہم اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے توانائی کی قیمتوں، خام مال کی دستیابی اور صنعتی پالیسی میں بہتری ناگزیر ہے۔