کم عمر افراد کیلئے ٹریڈنگ اکاؤنٹ کھولنے کی گائیڈ لائنز جاری
ہدایات پر عملدرآمد کرنا لازم،نگرانی این سی سی پی ایل بھی کرے گی
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج نے ایس ای سی پی کی مشاورت سے فیصلہ کیا کہ اب 18 سال سے کم عمر بچوں اور افراد بھی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھول سکیں گے ،تاہم یہ اکاؤنٹس ان کے فیملی کے مقرر کردہ سرپرست کی نگرانی اور مدد کے تحت ہی چلائے جائینگے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹاک بروکریج ہاؤسز جب کم عمرافراد کے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولیں گے تو انہیں حکم ناموں اور ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنا لازمی ہوگا، کم عمر افراد کے کھولے گئے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کی نگرانی نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان بھی کرے گی تاکہ شفافیت اور حفاظت یقینی بنائی جاسکے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں مالی شعور اور سرمایہ کاری کی تعلیم فروغ دینے کیلئے اہم قدم ہے اور نوجوانوں کو بروقت مالیاتی مہارت سکھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔