پاکستان افریقہ کی نئی منڈیوں سے فائدہ اٹھائے ،لاہور چیمبر
لاہور (این این آئی)پاکستان کی جمہوریہ جیبوتی میں سفیر اقصی نواز نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا اور صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان روایتی طور پر یورپ اور امریکہ کی منڈیوں پر توجہ دیتا ہے لیکن افریقہ ایک بڑی اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ میں تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور بالخصوص زرعی شعبے میں ہمیں سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرحد کے اس پار زرعی پیداوار پاکستان سے زیادہ ہے جبکہ ہماری کاٹن کی کوالٹی اور پیداوار دونوں کم ہو رہی ہیں جس پر فوری توجہ درکار ہے ۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکانٹ خسارہ بڑھ چکا ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش ناگزیر ہے ۔ انہوں نے جیبوتی کی پوٹینشل مارکیٹ کو سمجھتے ہوئے وہاں پاکستان کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ حلال فوڈ اور متعلقہ اشیا کی عالمی مارکیٹ تین ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے لیکن ایک مسلم ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا اس میں حصہ محدود ہے۔