ایل سی سی اے کو اوول گراؤنڈ جیسا اپ گریڈ کر نیکی تیاری

 ایل سی سی اے کو اوول گراؤنڈ  جیسا اپ گریڈ کر نیکی تیاری

نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری، پی ایس ایل کے میچ مظفرآباد میں کرانے کی کوشش کرینگے ریجنل لیول پر کلبز کی سکروٹنی کا آغاز ،سپر لیگ کو انٹرنیشنل برانڈ بنانے کیلئے سب نے انتھک محنت کی،نقوی کا بی او جی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری کی گئی۔بی او جی کے اجلاس میں ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایل سی سی اے گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں پی ایس ایل لندن و نیویارک روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کی محنت اور پروفیشنل ازم کو سراہا گیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹور کو جاری رکھنے کا کریڈٹ میری ذات کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔ہم نے اخلاص سے محنت کی اور اللہ تعالٰی نے مدد کی۔

پی ایس ایل کو انٹرنیشنل برانڈ بنانے کیلئے سب نے شبانہ روز انتھک محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11کے میچ مظفرآباد سٹیڈیم میں کرائے جائیں جبکہ مظفرآباد سٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز بھی کرائیں گے ۔اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم تعمیر ہو گا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل لیول پر نجی فرم نے کلبز کی سکروٹنی کا آغاز کر دیا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کو مستقبل کے آئی سی سی وویمنز و مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس و میچز کی تعداد میں اضافے کے بارے بریف کیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں