گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال سے سپلائی چین مفلوج ہوچکی،کراچی چیمبر

گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال سے سپلائی چین مفلوج ہوچکی،کراچی چیمبر

اربوں کے نقصان کا سامنا،صنعتیں بند ہونے کے قریب ہیں،صدرریحان حنیف

کراچی(بزنس رپورٹر)ملک بھر میں جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث قومی معیشت کو شدید نقصان کا سامنا ہے ،اسی سلسلے میں 25 رکنی گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے کراچی چیمبر کا دورہ کیا جہاں صدر کراچی چیمبر ریحان حنیف سے تفصیلی ملاقات کے دوران ہڑتال کے اثرات اور درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال سے نہ صرف تجارتی سرگرمیاں منجمد ہو چکی ہیں بلکہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصانات کا سامنا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث سپلائی چین مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں متعدد صنعتیں بند ہونے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

ریحان حنیف کے مطابق ہڑتال کے باعث بندرگاہوں، فیکٹریوں اور ہول سیل و ریٹیل مارکیٹس میں خام مال اور تیار مال کی ترسیل بری طرح متاثر ہو رہی ہے جس سے برآمدات، درآمدات اوراندرونِ ملک تجارت شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال مزید طول پکڑ گئی تو صنعتی پیداوار میں نمایاں کمی اور بے روزگاری میں اضافے کا خدشہ ہے۔ صدر کراچی چیمبر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 8 دسمبر سے شروع ہونے والی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا فوری نوٹس لے اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کو سنجیدگی سے سنے۔

انہوں نے زور دیا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات تسلیم کر کے فوری حل نکالا جائے ،ریحان حنیف نے کہا کہ ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ ہڑتال کا فوری خاتمہ کیا جائے ، کیونکہ موجودہ حالات میں کاروباری برادری اور صنعت مزید دباؤ برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹرز کے وفد نے بھی اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور کراچی چیمبر کی جانب سے تعاون پر اطمینان کااظہار کیا۔ کاروباری حلقوں کے مطابق حکومت، ٹرانسپورٹرز اور چیمبرز کے درمیان فوری مذاکرات ہی اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں تاکہ سپلائی چین بحال ہو اور معمولاتِ تجارت دوبارہ رواں ہو سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں