میزان بینک کی اسٹائلرز انٹرنیشنل کو ایڈوائزری خدمات فراہم

میزان بینک کی اسٹائلرز انٹرنیشنل کو ایڈوائزری خدمات فراہم

ایس آئی ایل اسٹاک ایکسچینج کی شریعہ کمپلائنٹ کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہوگئی

کراچی(بزنس ڈیسک)میزان بینک نے اسٹائلرز انٹرنیشنل لمیٹڈ (ایس آئی ایل)کوشریعہ گورننس ریگولیشنز2023کے تحت ایس ای سی پی کا شریعہ کمپلائنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے شریعہ ٹیکنیکل سروسز اینڈ ایڈوائزری سپورٹ فراہم کی ہے۔ اس سنگِ میل سے اسٹائلرز انٹرنیشنل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شریعہ کمپلائنٹ کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔ میزان بینک کے شریعہ ایڈوائزری یونٹ نے اسٹائلرز انٹرنیشنل کی آئینی دستاویزات، داخلی پالیسیوں،اور آپریشنل فریم ورک کا جائزہ لیا اور انہیں شریعہ گورننس ریگولیشنزکی ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کیا۔

اس جائزہ میں کمپنی کے تمام شعبوں میں شریعہ کمپلائنٹ پریکٹسزکو یقینی بنانے کیلئے ہیومن ریسورسز، فنانس، آپریشنز، مارکیٹنگ، پروکیورمنٹ اور کارپوریٹ گورننس سمیت کلیدی شعبوں کااحاطہ کیا گیا۔ بینک نے ایس آئی ایل کے 30جون 2025 کو ختم ہونے والے سال کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی شریعہ اسکریننگ بھی کی، جس میں تصدیق کی گئی کہ کمپنی کے سودی قرض نہیں ہیں اورنہ ہی غیر شرعی سرمایہ کاری اور ناجائز آمدنی ہے ۔ اس وقت میزان بینک ایس آئی ایل کے شریعہ کمپلائنس فنکشن کے طورپر خدمات فراہم کررہا ہے جس کے تحت مسلسل شریعہ مانیٹرنگ،باقاعدہ کمپلائنس جائزے، روز مرہ کاروباری امور پر مشاورت اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے صلاحیت سازی شامل ہے۔

یہ خدمات کمپنی کے تمام شعبوں میں شریعہ کمپلائنس فریم ورک کی پائیداری اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے فراہم کی جارہی ہیں۔ میزان بینک کے ہیڈ آف انوسٹمنٹ بینکنگ اینڈ شریعہ ایڈوائزری سید طارق علی نے کہاکہ میزان بینک کو خوشی ہے کہ اس نے اسٹائلرز انٹرنیشنل کو ایس ای سی پی سے شریعہ کمپلائنس سرٹیفکیشن کے حصول میں معاونت فراہم کی۔ اسٹائلرز انٹرنیشنل کے چیئرمین/ڈائریکٹر جاوید ارشد بھٹی نے کہاکہ میزان بینک کے اشتراک سے حاصل ہونے والی یہ منظوری ہمارے تمام امور میں اخلاقی، شفافیت اوردین سے ہم آہنگ طرزِ عمل پر عمل پیرا ہونے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں