ٹیکسز، یوٹیلٹیز اور نوکریوں کی کٹوتی کا مسئلہ بڑھ رہا ،ماہرین
آئی ایم ایف پروگرام ملکی ترجیحات سے جزوی ہم آہنگ ،امان پراچہ ودیگر
کراچی (این این آئی)اقتصادی ٹیم آئی ایم ایف کے استحکام کے ایجنڈے پر مرکوز ہے تو دوسری جانب ورکنگ فیملیز کیلئے بہتر مستقبل کے امکانات دن بدن کم ہونے لگے ہیں، ٹیکسز، یوٹیلٹیز کی قیمتوں میں اضافہ اور نوکریوں کی کٹوتی کا مسئلہ بڑھ رہا ہے ۔پاپام کے سابق چیئرمین مشہود علی خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کا سیاسی طور پر غیر جانبدار نہ ہونا اور بار بار بیل آٹس نے اقتصادی خودمختاری، صنعتی اور شمولیاتی ترقی کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔
نائب صدرفیڈریشن امان پراچہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام ملکی ترجیحات سے جزوی طور پر ہم آہنگ ہیں، اگرچہ یہ فوری استحکام کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں، وہ طویل مدتی ترقی، روزگار کی تخلیق اور غربت کے خاتمے کے اہداف سے متصادم ہیں۔ عبدالرشید ابڑونے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام صرف ایک ایمرجنسی استحکام کا اوزار ہے۔ حنیف لاکھانی نے کہا کہ جب کوئی ملک پریشانی میں ہوتا ہے اور آئی ایم ایف کی طرف مایوسی کے عالم میں جاتا ہے ، تو اسے آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل کرنا پڑتا ہے ۔