فشریز برآمدات 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں
چین سب سے بڑا خریدار ،تھائی لینڈ دوسرے نمبر پر رہا،جنید انوار چوہدری
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امورجنید انوار چوہدری نے مالی سال 2024-25 کے پہلے چھ ماہ یعنی جولائی تا دسمبر میں فشریز برآمدات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں فشریز برآمدات میں حوصلہ افزا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔وزیر بحری امور کے مطابق ابتدائی چھ ماہ میں پاکستان کی فشریز برآمدات 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ اس دوران برآمد شدہ مچھلی اور سی فوڈ کا مجموعی حجم ایک لاکھ 22 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کر گیا۔ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ برآمدات میں جھینگے اور پراونز کا نمایاں حصہ رہا، جن کی فروخت سے 40 ملین ڈالر سے زائد آمدن حاصل ہوئی، اسی طرح کٹل فش کی برآمدات سے 36 ملین ڈالر کا زرِ مبادلہ کمایا گیا۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ چین فشریز برآمدات کا سب سے بڑا خریدار رہا۔ ان کے مطابق تھائی لینڈ فشریز برآمدات میں دوسرے نمبر پر رہا۔